اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق انٹیلی جنس ذرائع نے وفاقی حکومت کو رپورٹ جمع کرائی گئی ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور، شہریارآفریدی اور قاسم سوری گینگزلا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق انٹیلی جنس ذرائع نے وفاقی حکومت کو رپورٹ جمع کرائی ہےکہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں مسلح جتھوں کی شمولیت کا خدشہ ہے ، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصرکی مظاہرین کی شکل میں لانگ میں شمولیت کی بھی اطلاعات ہیں جس سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں گڑبڑہو سکتی ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کی جانب سے حکومت کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ میں تخریبی عناصر کی موجودگی لا اینڈ آرڈر کا سنگین مسئلہ پیدا کر سکتی ہے،علی امین گنڈا پور، شہریار آریدی ، قاسم سوری گینگز لا رہے ہیں،پہلے بھی پی ٹی آئی کے مارچ میں مسلح افراد اور اسلحہ پکڑا گیا تھا ۔
انٹیلی جنس ذرائع کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب آفس کو جرائم پیشہ عناصر کی سہولت کاری کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، رپورٹ میں جن شہروں سے مسلح جتھو ں کے شامل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ان کے نام بھی بتائے گئے ہیں،
رپورٹ کے مطابق پہلے بھی پی ٹی آئی مارچ میں مسلح افراد تھے اوراسلحہ پکڑا گیا تھا، پنجاب حکومت کی سرپرستی سے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گجرات، لاہور، اٹک ،پشاور، بڈھ بیر سے مسلح جتھوں کی آمد کا خطرہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں بھی صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔