اسلام آباد: ریڈزون کے داخلی راستوں کی بندش شروع 

اسلام آباد(اُ مت نیوز) اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کے داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کرنا شروع کردیاہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ماضی کے متعدد جلسوں کے پیش نظر پی ٹی آئی رہنماؤں سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی آپ کو متعدد بار جلسوں کی اجازت دی گئی، آپ نے ہر بار کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزیاں کیں ہیں۔

انتظامیہ نے کہا پی ٹی آئی منتظمین یقین دہانی کرائیں کہ ان کو اب جلسے کی اجازت کیوں دی جائے۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ان کے ماضی کے معاہدوں کی خلاف ورزیوں کی فہرست دے دی ہے۔

اس پر پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے لیے اسلام آباد انتظامیہ سے این او سی مانگا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے مزید معلومات تحریک انصاف سے مانگی ہیں، 24 گھنٹوں کے اندر معلومات فراہم کردیں گے۔