لاہور(اُمت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ماضی میں کوکین کے نشےکا عادی ہونےکا اعتراف کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم نے یہ اعتراف اپنی آنے والی کتاب سلطان اے میموئر میں کیا ہے۔
وسیم اکرم نے اعتراف کیا ہےکہ کیریئر ختم ہونےکے بعد انہوں نےکوکین کا نشہ کیا تھا، کوکین کے نشے کی عادت ریٹائرمنٹ کے بعد 2003 میں ہوئی۔
وسیم اکرم نے انکشاف کیا انہیں پہلی بار انگلینڈ میں ایک پارٹی کےدوران کوکین کی آفر ہوئی، انہوں نے بتایا کہ میں نے پارٹیاں کرنا شروع کر دی تھیں، سب سے بدترین یہ تھا کہ کوکین کا نشہ میری عادت بن گئی تھی، وقت کےساتھ ساتھ میری کوکین کی عادت شدید ہوتی گئی، ایک وقت میں مجھے محسوس ہوتا تھا کہ مجھے کام کرنےکے لیے اس کی ضرورت ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہےکہ نشےکی وجہ سے میں تنہائی کا شکار ہو گیا تھا، نشے کی زیادتی کی وجہ سے میری حالت غیر ہوتی گئی، نہ نیند آتی تھی نہ کھانا کھاتا تھا، پہلی بیگم ہما کو میری جیب سےکوکین بھی ملی تھی جس پر ہما نے مجھے کہا تھا کہ تمہیں مدد کی ضرورت ہے، ہما نے نشےکی عادت چھڑوانے میں میری مدد کی، مجھے نشے سے چھٹکارا پانے کے لیے ری ہیب سینٹر میں داخل ہونا پڑا، اس دوران میں نے ایک بار اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بارے میں بھی سوچا۔
وسیم اکرم نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی بیوی ہما کی 2009 میں موت کے بعدکوکین کا نشہ چھوڑ دیا تھا، تب سے کوکین کے استعمال کو مڑکر بھی نہیں دیکھا۔
خیال رہےکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر، انہوں نے 18 سالہ کیریئرکے بعد 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
وسیم اکرم نے پہلی بیوی ہما کی وفات کے بعد دوسری شادی کی، پہلی بیوی سے ان کے دو بیٹے جب کہ دوسری بیوی سےایک بیٹی ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہےکہ گزشتہ کئی سالوں سے شوگرکا مریض ہوں، یہ سب سامنے لانا آسان نہ تھا، کتاب کی پبلشنگ کی وجہ سے تھوڑی پریشانی ہے مگر میں اپنے بچوں کو اپنی زندگی کی کہانی بتانا چاہتا تھا۔