آسٹریلیا(اُمت نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا دیکھ کر دنیا بھر میں موجود سیکڑوں شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ اس ٹورنامنٹ سے جڑے غیرملکی کپتان بھی گھبراہٹ کا شکار ہوگئے تھے۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ دیکھتے ہوئے بہت گھبرا گیا تھا۔
ایرون فنچ نے بتایا کہ پاک بھارت ٹاکرے کے وقت کوچ کے ساتھ ہوٹل کے کمرے میں تھا اور میچ دیکھ کر بہت نروس ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ بہت دلچسپ ہوتا ہے، اس لیے بہت گھبرا گیا تھا، اس دن کا انتظار نہیں کرسکتا کہ ریٹائر ہوکر پاکستان اور بھارت کا براہ راست میچ دیکھنے جاؤں۔
آسٹریلوی کپتان نے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی ایک ماسٹر کلاس ہے، جسے پتا ہے کہ اپنی موجودگی میں کس طرح پریشر دوسری طرف منتقل کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاک بھارت سنسنی خیز میچ کا مقابلہ آخری گیند پر ہوا تھا جہاں بھارت نے 4 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔