مرید کے:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ آج تیسرے روز مریدکے سے گوجرانوالہ کی جانب رواں دواں ہے عمران خان لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں۔
لانگ مارچ کا سفر کامونکی کی طرف روانہ ہوا اور وہاں سے سادھوکی پہنچ گیا جہاں عمران خان کی آمد پرآتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، کنٹینر پر گل باشی کی گئی۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ آج تیسرے روز چیئرمین عمران خان کی قیادت میں مریدکے سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔ مارچ کا آج رات پڑاؤ گوجرانوالہ میں ہو گا۔
عمران خان کی گوجرانوالہ میں موجودگی کے دوران ممکنہ کشیدگی کا خدشہ ہے جبکہ گوجرانوالہ میں وفاقی زیرخرم دستگیر کی رہائش گاہ پر پولیس سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔
4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار لانگ مارچ کی سیکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ پنجاب پولیس کے ساتھ 700 ٹریفک وارڈنز کو بھی دوسرے اضلاع سے بلایا گیا ہے۔ سی پی او گوجرانوالہ نے لانگ مارچ پر تعینات پولیس اہلکاروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔