شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ ہوگئے

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف چین کے اہم دورے پر روانہ ہوگئے، دورے کے دوران وزیراعظم چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے، منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ چین روانہ ہو گیا ۔

اپنے قیام کے دوران وزیراعظم صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے سربراہ اسٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے۔ملاقاتوں اوراجلاسوں میں علاقائی،عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کےایجنڈےپرپیش رفت متوقع ہے جبکہ مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدات پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔دورے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

وزیراعظم چین کی کمیونسٹ پارٹی کی تاریخی بیس ویں قومی کانگریس کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے رہنماو¿ں میں شامل ہوں گے، جس میں شی جن پنگ کو پارٹی کا جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا تھا۔