راولپنڈی بنچ :لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ سنا دیا،فیصلے میں ریسکیو 1122، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو سانحے کا ذمے دار قرار دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے مری میں غیرقانونی تعمیرات پر پابندی عائد کردی ،عدالت نے کہاکہ مری میں سیوریج، پانی، ویسٹ مینجمنٹ کا نظام بہتر بنایا جائے۔
فیصلے کے مطابق مری میں تمام غیر قانونی عمارتیں مسمار ہوں گی جب کہ تمام کمرشل تعمیرات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ہوٹلز کا میکنزم بنایا جائے اورمری کے ہوٹلز،گیسٹ ہاوٴسز کی کیٹگریز بنا کر کرایے مقرر کیے جائیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سانحہ مری کے شہدا کا معاوضہ8لاکھ روپے کم ہے، اسے بڑھایا جائے۔صفائی،سیوریج،نالہ صفائی کے لیے الگ محکمہ بنایا جائے اور جن افسران کو محکمہ موسمیات کی برف باری سے متعلق رپورٹ کا علم تھا، ان کے خلاف فوری سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ سانحہ کے بعد جنہیں بلا جواز معطل کیا گیا، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوگی جب کہ ذمے دار قرار دیے گئے ریسکیو1122،ہائی وے اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران خلاف کارروائی کی جائے۔
۔یاد رہے کہ عدالت نے سانحہ مری کا فیصلہ 24 سماعتوں کے بعد 7مئی کو محفوظ کیا تھا ۔