لاہور(اُمت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قاتلانہ حملےکے بعد برطانیہ میں اپنے بچوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے بیٹوں نے ان کی خیریت دریافت کی جب کہ عمران خان نے اپنے بچوں کو حوصلہ دیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ خوفزدہ کر دینے والی خبر آئی لیکن خدا کا شکر وہ ٹھیک ہیں، عمران خان کے بیٹوں کی طرف سےحملہ آور کوپکڑنے والے بہادر آدمی کا شکریہ۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےکنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔
زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔