آسٹریلیا(اُمت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آڈر بیٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ تنقید کا جواب اپنی کارکردگی سے دینا ہے۔
سڈنی میں جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر افتخار احمد، محمد حارث اور وسیم جونیئر نے گفتگو کی جس کی ویڈیو پی سی بی نے جاری کی۔
جنوبی افریقا کے خلاف 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے افتخار احمد نے کہا کہ میرا ٹیم میں کام ہی یہ ہے کہ جب وکٹیں جلدی گر جائیں تو وکٹ پر رک کر لمبی اننگز کھیلوں کیونکہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی لازمی ہونا چاہیے جو ایسے موقع پر لمبی اننگز کھیلیں اور پھر فینش کریں ،تو آج بھی لمبی اننگز کھیلنی تھی ،شاداب کو بھی کریڈیڈ دیتا ہوں کہ انہوں نے اچھا ساتھ دیا۔
افتخار احمد نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ٹیم زمبابوے کے خلاف ہار گئی لیکن اس کے باوجود ٹیم ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئی ابھی بھی گیم میں شامل ہیں لیکن زیادہ کیلیرٹی نہیں ہے امید ہے پاکستان آگے سیمی فائنل کھیلے گا۔
جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان ٹیم میں فخر زمان کی جگہ شامل ہونے والے محمد حارث کا کہنا تھا کہ رضوان کی وکٹ جلدی گر گئی تو کوشش کی کہ سنبھل کر کھیلوں، بابر اعظم نے انہیں یہ ہی مشورہ دیا کہ بہادری سے کھیلوں جنوبی افریقا کے بولرز کو ذہن پر سوار نہ کرو تم باصلاحیت ہو اپنا گیم کھیلوں۔
حارث نے میچ میں 11 گیندوں پر 28 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اعلیٰ کم بیک کیا اور میچ میں اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے بھی بھرپور بولنگ کی میرا پلان تھا کہ یارکر کروں کیونکہ ایک جانب سے گراؤنڈ چھوٹا تھا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، شاداب نے22 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم جنوبی افریقی ٹیم 14 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بناسکی۔