گوجرانوالہ :ڈی پی او گوجرانوالہ سید غضنفر شاہ نے عمران خان کے کنٹینرپرفائرنگ کے واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ مرکزی ملزم گرفتار ہو چکا ہے ، اب ملزم کے خاندان کے افراد اوران کے رابطوں کو دیکھنا ہے ، ملزم کے موبائل فون کا فرانزک بھی کیا جائے گا ، ملزم کا کن لوگوں اورکس نیٹ ورک سے رابطہ تھا پتا کیا جارہاہے۔
ڈی پی او سید غضنفر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرائم سین پر میڈیا ، ہمارے اور پرائیویٹ کیمرے نصب تھے ، تمام ویڈیوز کو اکھٹا کرکے اس کا جائزہ لیں گے ، ملزم کو گاڑی میں ڈالنے وقت مشتعل ہجوم نے اسے مارنے کی کوشش کی ، ملزم کو پکڑنے والے پی ٹی آئی ورکر نے بہت اچھا کام کیا ۔
انہوں نے کہا کہ درخواست ملنے پرفوری مقدمہ کے اندراج کر لیں گے، وزیراعلیٰ نے جے آئی ٹی بنانے کیلئے کہاہے ، زیادہ امکان ہے کہ اس کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں ہی درج کیا جائے گا،لانگ مارچ کی کوریج کیلیے 2100 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے ، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت سے سیکیورٹی پلان کو بہتر سے بہتر کیا گیا ، اس طرح کے کراﺅڈ میں تلاشی لینا ممکن نہیں ہوتا ۔