اسلام آباد:پوسٹ مارٹم رپورٹ کی عدم فراہمی کی وجہ سے ارشد شریف کی والدہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔
ارشد شریف کی والدہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بطور پٹشنر بائیو میٹرک تصدیق کروائی، انہوں نے درخواست کی ہے کہ تین نومبر کو ارشد شریف کی فیملی کے فوکل پرسن نے انتظامیہ سے رپورٹ مانگی لیکن انتظامیہ نے کہا پوسٹمارٹم رپورٹ ان کے پاس نہیں پولیس کے پاس ہے۔ فیملی فوکل پرسن پولیس کے پاس گئے توانہوں نے انکارکیا اورانتظامیہ سے رابطے کا کہہ دیا۔
پمز انتظامیہ سے بارہا رابطہ کیا گیا وہ انکار کرتے ہیں نہ رپورٹ فراہم کرتے ہیں، پمز اور لوکل انتظامیہ نے فیملی کو پوسٹ مارٹم رپورٹ متعلق اندھیرے میں رکھا ہے، ارشد شریف کی فیملی کی مشکل وقت میں رپورٹ کے لیے تذلیل کی جا رہی ہے۔ شک ہے کہ حقائق مسخ کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ارشد شریف فیملی کو ہر لمحہ آگاہ رکھا جائے، بغیرکسی تھرڈ پارٹی کی مداخلت کے پورے عمل کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی جائے اورارشد شریف فیملی کے فوکل پرسن کو پورے عمل میں شامل کیا جائے۔