لاہور:پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اب سے کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی بابراعوان نے شوکت خانم اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ عمران خان سے ایک گھنٹہ تفصیلی گفتگو ہوئی، عمران خان کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے کہاہے کہ آزادی احتجاج ہر صورت میں جاری رہے گا، عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے ، قوم سے خطاب میں سازش سے متعلق اہم امور پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔
فواد چوہدری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کا اجلاس ختم ہو گیاہے ، اجلاس میں ڈاکٹرز نے عمران خان کے آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ، ابتدائی تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ ہے ، اجلاس میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ، عمران خان پاکستان کے وفاق اور یکجہتی کی علامت ہیں ، عمران خان پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں معظم گوندل کی شہادت اور ابتسام کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کیا گیا ، لیڈر شپ نے اس حملے کے پس منظر کا تفصیل سے جائزہ لیا ، یہ حملہ ایک سوچی سمجھی سازش کا پیش خیمہ ہے ، اس حملے کے ماسٹر مائنڈ وزیراعظم ، وزیر داخلہ سمیت تین کردار ہیں۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور ان کی فوری تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا گیا ، اجلاس نے اقدام قتل کے اس واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی سازش کی مذمت بھی کی ، سوشل میڈیا اور میڈیا میں بیانات اور ملزم کی ویڈیو لیکس کا بھی جائزہ لیا گیا ۔