قاتلانہ حملہ نئی ویڈیو

عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم کی نئی ویڈیو سامنے آگئی

لاہور(اُمت نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پرفائرنگ کرنے والے ملزم کی ویڈیو سامنے آنے پر تھانہ عملے کی معطلی کام نہ آئی، ملزم کی ایک اورویڈیو منظرعام پر آ گئی۔
نئی ویڈیو میں ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ عمران خان حضور اکرم محمد مصطفیٰﷺ اور دین کی گستاخی کررہے تھے، جس طرح نبی اکرم ﷺ نے حکم دیا تھا کہ ان کا پیغام پہنچایا جائے اسی طرح عمران خان کہتا ہے، ایک شخص نبی اکرم ﷺ کی زندگی اور سیرت سے ہمیں بے دخل کر رہا تھا، جس وقت واردات کی مسجد میں نماز کھڑی تھی، اُن کا لاؤڈ اسپیکر کئی کلو میٹر دور تک سنا جا سکتا تھا۔
ملزم نے یہ بھی کہا کہ اس کا نشانہ صرف عمران خان تھے، یہ کام اس نے اکیلے کیا، وزیر آباد سے 20 ہزارروپے میں پستول حاصل کیا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ملزم کی پہلی ویڈیو سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز متعلقہ تھانے کا عملہ معطل کر دیا تھا۔