عمران خان کو اسپتال سے آج ڈسچارج کئے جانے کا امکان

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو آج اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔لانگ مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ میں گولی لگنے سے زخمی عمران خان کا شوکت خانم اسپتال میں تیسرے روز بھی علاج معالجہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق 4 رکنی میڈیکل بورڈ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا طبی معائنہ کرے گا۔ علاوہ ازیں عمران خان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ ڈاکٹروں نے عمران خان کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے تناظر میں انہیں آج اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ شوکت خانم اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز عمران خان کی تمام میڈیکل رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی شوکت خانم اسپتال آمد کا امکان ہے، جہاں وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عیادت کریں گے۔ملاقات میں صدر مملکت اور سابق وزیراعظم ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔