کراچی:بچوں کے وارڈ میں مقامی این جی او کے تعاون سے 2 وینٹی لیٹر کی تنصیب وافتتاح کر دیا گیا۔ 150 بیڈ کے عباسی شہید بچہ وارڈ میں علاج کی تمام سہولیات کے ساتھ سال میں 1 لاکھ بچوں کا علاج ریکارڈ ہوا۔
5 نومبرکو سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کے ایم سی، ڈاکٹرندیم آصف نے کہا ہے کہ عباسی شہید ہسپتال میں بچوں کا وارڈ کراچی کی بڑی آبادی کو مستفید کرتا ہے،اب 7 وینٹی لیٹرز شعبہ کے پاس ہو چکے ہیں جبکہ مزید سہولیات کے لیے کوششیں جاری رہیںگی۔
اس بات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی کے تحت چلنے والے عباسی شہید ہسپتال کے بچوں کے وارڈ میں 2 وینٹی لیٹرز کی تنصیب و افتتاح کی تقریب سے خطاب میں کیا۔
ڈاکٹر سلطان مصطفی اور انکی ٹیم کی کاوشوں سے ہیل ایڈ فاؤنڈیشن اور چائلڈ ہیلتھ اینڈ گروتھ ویلفیئر آرگنائزیشن کے مشترکہ تعاون سے عباسی شہید ہسپتال میں 2 وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا۔اس موقع پر فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے ادارے کا تعارف اور مقاصد بھی بتائے۔
ڈائریکٹر عباسی شہید ہسپتال ،ڈاکٹر محمد نادر خان نے ٹیم کو سراہتے ہوئے کہاکہ بچوں کے وارڈ کے علاوہ بھی ہم ہسپتال کے دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
عباسی شہید ہسپتال میں بچوں کے شعبہ کے سربراہ اور سابق پرنسپل کراچی میڈیکل ڈینٹل کالج سینئر ڈاکٹر پروفیسرسلطان مصطفیٰ نے کہاکہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہرممکن جدیدعلاج کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔کراچی کی سب سے گنجان آبادی میں بچوں کی صحت عامہ کے لیے 24 گھنٹے شعبہ کی ٹیم موجود ہوتی ہے۔ٹیم ورک کے نتیجےمیں سال بھر میں 78000آبزرویشن ، 66000 اوپی ڈی، 1000 بچے نرسری اور انتہائی نگہداشت کے بچوں کا علاج کیاگیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر نعیم قمرنے شعبہ پیڈیاٹرک کی کاوشوں کو سراہا اور ٹیم کی مشکلات دور کرنے کے لیے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کے معیار اور تاثر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔
انچارج پیڈز یونٹ 2 ڈاکٹر پروفیسر ابراہیم نے شعبہ کی کاوشیں بتاتے ہوئے کہاکہ ڈائیلاسز ، ویکسینیشن اور او پی ڈی سمیت تمام اہم ضروریات یہاں مہیا کی گئی ہیں،150 بیڈ کے وارڈ میں 20 انکیوبیٹر اور 50بیڈ ایمرجنسی کے لیے مختص ہیں