حملے کیخلاف شہروں میں احتجاج

عمران خان پرحملے کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج

لاہور: عمران خان پر حملے کے خلاف تحریک انصاف کی قیادت کی اپیل پر آج بھی شہر شہر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکوں کی بندش سے سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے خلاف صوبائی دارالحکومت لاہور، وزیرآباد، گوجرانوالہ اور اوکاڑ سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے، سڑکوں کی بندش سے سفرکرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور کے شاہدرہ چوک، شنگھائی پل فیروز پور، قادری چوک، فیصل چوک اور بابوصابو ڈبل سڑکاں پر احتجاج اور دھرنے جاری ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شاہدرہ چوک بلاک کردیا، فیروزپورروڈ کے شنگھائی پل پر بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد روڈ بلاک کرکے احتجاج کررہی ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے رنگ روڈ بھی بند کردیا۔وزیرآباد میں عمران خان کا کینٹینر حملے کے مقام پر موجود ہے، تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور کارکنوں کا دھرنا بھی جاری ہے جس سے ٹریفک معطل ہے۔

گوجرانوالہ میں تحریک انصاف نے چندا قلعہ چوک کے بعد اندرون شہر گنگنی والا چوک سے جی ٹی روڈ بھی بند کردیا۔اوکاڑہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بائی پاس بند کردیا، اسکولوں اورکالجز کے طلبا بھی دھرنے میں پہنچ گئے۔ احتجاجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ کپتان کی آواز پر لبیک کہیں گے۔

علی پورچٹھہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گوجرانوالہ منڈی بہاؤالدین روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا، احتجاج کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لائینیں لگنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔