ایڈیلیڈ: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے 27 ویں اوراہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حارث نے 18 گیندوں پر31 رنزبنائے،جبکہ بابر اعظم 25، محمد رضوان 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
بنگلا دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بنگلا دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹؤں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں 128 رنز بنا کرہدف حاصل کر لیا ۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شنٹو 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شکیب الحسن اور نور الحسن صفر، لٹن داس 10، سومیا سرکار 20، عفیف حسین 14، مصدق حسین 5، تسکین احمد 1 رنز بناسکے۔شاہین شاہ آفریدی نے 4، شاداب خان 2 جبکہ افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط آغاز فراہم کیا، جس کے باعث قومی ٹیم ابتدا سے پریشر میں نظر آئی، کپتان بابراعظم ایک بار پھر اوپننگ میں ناکام رہے، انہوں نے 33 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ محمد رضوان 32 جبکہ محمد نواز 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں محمد حارث جارحانہ کھیل پیش کیا اور 18 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔افتخار احمد ایک رن بنا سکے۔بنگلہ دیش کی جانب سے نسوم احمد، عبادت حسین ،شکیب الحسن،مستفیض الرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ 9نومبر بروز بدھ کو سڈنی میں نیوزی لینڈ سے ہو گا جبکہ اگلے روز جمعرات کو ایڈلیڈ میں بھارت انگلینڈ سے ٹکرائے گا۔