اسلام آباد:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صدر عارف علوی کو خط لکھاہے جس میں ملک میں آئین وقانون کے انحراف کی راہ روکنے کیلیے اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیاگیاہے، خط میں شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کے اہتمام پر بھی زوردیاگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے خط میں کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت گرائے جانے کے بعد قوم حقیقی آزادی کی پکار پر کھڑی ہو چکی ہے،جھوٹے الزامات، ہراسانی، بلاجواز گرفتاریوں، زیرحراست تشدد جیسے ہتھکندوں کا سامنا ہے ۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہناتھا کہ مارچ کے دوران حقیقی آزادی کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی گئی ،اللہ رب العزت نے مجھے بچایا اور میرے قتل کی کوشش ناکام رہی ،آپ سے التماس ہے قومی سلامتی سے جڑے ان معاملات کا فوری نوٹس لیں ، صدر اپنی قیادت میں ذمے داروں کے تعین کیلیے تحقیقات اور محاسبے کا اہتمام کریں ۔