کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی،کہیں ہلکی اور تیز بارش شروع ہوئی جس سے موسم خوشگوارہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آج رات ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
کراچی کے علاقوں شارعِ فیصل، ملیر، گلستانِ جوہر، ناظم آباد، کلفٹن، قیوم آباد، کورنگی، لانڈھی، کشمیر روڈ، ایف بی ایریا، گلشنِ اقبال کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش ہوئی۔
صدر، برنس روڈ، ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہین کمپلیکس سمیت کہیں بونداباندی تو کہیں تیز پھوار پڑی ہے، جس سے سڑکیں بھیگ گئی ہیں۔
اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں گارڈن ایسٹ، ویسٹ،سولجر بازار،رام سوامی اوررنچھوڑ لائن میں بھی بوندا باندی ہوئی ہے،بارش کے بعد درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری کمی ہوسکتی ہے، اس وقت شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے ۔
دوسری جانب گلگلت بلتستان سمیت ملک کے شمالی علاقوں، آزاد کشمیر اور شمالی بلوچستان میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری نے موسم سرد کر دیا۔
شانگلہ کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ زیریں علاقوں میں بارش ہوئی۔شانگلہ ٹاپ، یختنگی ٹاپ ، اجمیر ٹاپ ،گامتل اوردیگر علاقوں پر برفباری ہوئی،میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھنڈی ہواوں اور مطلع ابر آلود ہونےسے موسم سرد ہو گیا۔
ملکہ کوہسار مری میں بھی کئی گھنٹے مسلسل بارش اور وادی گلیات میں برف باری سے موسم شدید سرد ہو گیا۔ڈی آئی خان ، مانسہرہ، اٹک سمیت کئی شہروں میں بارش کے بعد سرد ہواوں نے ڈیرے ڈال لیے۔زیارت میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔