امریکا میں مڈٹرم الیکشن کیلئے ووٹنگ کل ہوگی

امریکہ(امُت نیوز)دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے امریکا میں منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کیلئے امریکیوں کو ری پبلکنز کو ووٹ دینے کا مشورہ دے دیا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آزاد سوچ رکھنے والے ووٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ ریپبلکن کانگریس کے لیے ووٹ دیں۔
ایلون مسک کا مزید کہنا تھا کہ ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے حامی کبھی دوسرے فریق کو ووٹ نہیں دیتے، آزاد ووٹرز وہی ہیں جو اصل میں فیصلہ کرتے ہیں کہ سربراہ کون ہوگا۔
خیال رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کی 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں کیلئے ووٹنگ منگل کو ہوگی۔
36 ریاستوں کے گورنروں کا انتخاب بھی کل ہی ہوگا، ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر بھی کل انتخابات ہوں گے۔ انتخابات کیلئے چار کروڑ امریکی خود یا ڈاک کے ذریعے پہلے ہی ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔