پاکستان فنڈز ضرورت

پاکستان کو فنڈز کی ضرورت ہے، عالمی برادری مدد کرے، انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ (اُمت نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہےکہ پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقےکا رقبہ پرتگال سے تین گنا بڑا ہے، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ان لمحات میں مدد کی ضرورت ہے، پاکستان کو آبادکاری کے لیے بڑے پیمانے پرفنڈز کی ضرورت ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری ہےکہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قرضوں میں ریلیف اتنا نہیں ملا جتنا ملنا چاہیے تھا، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں، پاکستان کو مشکل سے نکالنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان عالمی برادری کی بھرپور امداد کا مستحق ہے، پاکستان نےلاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے۔
انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک دوسرےکی مددکا جو جذبہ دیکھا اس کی مثال عالمی برادری میں نظرآنی چاہیے،عالمی برادری کی ذمہ داری ہےکہ پاکستان کی بڑے پیمانے پر مدد کریں، ضرورت ہےکاپ کانفرنس اس صورت حال کو تسلیم کرے اور نمٹنےکے لیے واضح روڈ میپ تیار کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اوسط آمدنی والا ملک ہے تاہم اسے قرضوں میں ریلیف والا فائدہ نہیں ملا، عالمی مالیاتی اداروں، جی ٹوئنٹی پاکستان جیسےاوسط آمدنی والے ممالک کے لیے قرضوں میں چھوٹ کا مکینزم بنائیں، ماحولیاتی تبدیلی سےمتاثرہ اوسط آمدنی والے ملکوں کو رعایتی فنڈنگ تک رسائی ہونی چاہیے، فنانشل سسٹم پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ مل سکے، اقوام متحدہ پاکستان کے شانہ بشانہ ہوگا، پاکستان کے عوام اور حکومت سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔