امریکا (اُمت نیوز)امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، امریکی شہری ایوان نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں، 36 گورنروں، ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر عوامی نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں، کئی ریاستوں میں مسلم اور پاکستانی امیدوار بھی قسمت آزما رہے ہیں۔
اگلے دوسال صدر جو بائیڈن کی من مانی چلےگی،یا حریف ری پبلکن ان کے پر کاٹ دیں گے،فیصلہ چند گھنٹوں میں ہوگا۔
امریکا کے وسط مدتی انتخابات کےلیے ووٹنگ میں ایوان نمائندگان میں ابھی ڈیموکریٹس کی 220 اور ری پبلکنز کی 212 نشستیں ہیں جبکہ 3 نشستیں خالی ہیں۔
دوسری جانب سینیٹ میں ری پبلکنز کے 50 اور ڈیموکریٹس کے 48 سینیٹرز ہیں، 2 آزاد سینیٹرز کی حمایت ڈیموکریٹس کو حاصل ہے،نیویارک، پنسلوانیا سمیت دس بڑی امریکی ریاستوں میں ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ انتخابات کے لیے چار کروڑ امریکی پہلے ہی ووٹ ڈال چکے ہیں، ابتدائی اندازوں کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز کی برتری کا امکان زیادہ ہے۔