کھٹمنڈو: نیپال اور بھارت میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث نیپال میں گھر گرنے اور دیگر واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ رات گئے تقریباً ایک بج کر 57 منٹ پر آیا۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ، لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں گرنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
زلزلے کا مرکزبھارتی صوبے اترپردیش کے شہر پیلی بھیت سے 158 کلومیٹر دور اور نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 340 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دیپایل قصبہ تھا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلہ پیما مرکز نے اس کی شدت 6.3 ریکارڈ کی، اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
نیپال کے نیشنل سیسمولوجیکل سینٹر نے تصدیق کی ہے کہ نیپال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تیسری مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ہمالیائی ریاست نیپال میں زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اپریل 2015 میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں تقریباً 9000 افراد ہلاک اورپانچ لاکھ سے زائد مکانات منہدم ہو گئے تھے ۔ اس زلزلے نے کئی قصبوں اور صدیوں پرانے مندروں کو صفحہ ہستی سے پوری طرح مٹا دیا تھا۔ نیپالی معیشت کو اس کی وجہ سے چھ ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔