میلبرن(اُمت نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 کرکٹ کے تخت پر راج کرنے کے حوالے سے فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔
سیمی فائنل میں اپنی حریف ٹیموں کو شاندار انداز میں شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے شاہین بے قرار ہیں انگلش شیروں پر جھپٹنے کے لیے۔ ہائی وولٹیج میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے تیاری کرلی ہے۔
ایک طرف جوز بٹلر الیون کے پاس بیٹنگ کے ہتھیار ہیں، جس کی بدولت انہوں نے گزشتہ میچ میں بھارت کو باآسانی زیر کیا تھا۔
دوسری طرف پاکستانی بولنگ لائن اپنی گیندوں کے وار سے انگلش کرکٹ کو پویلین کا راستہ دکھانے کے لیے بے قرار ہیں۔
کپتان بابر 100 فیصد پرفارمنس دینے کو تیار ہیں، چھکا میلبرن کے میدان میں لگے گا اور شور پاکستان کی سڑکوں پر مچے گا، وکٹیں انگلش بلے بازوں کی گریں گی اور بھنگڑے سے آسٹریلیا کی سرزمین لرزے گی۔
گھڑی کی ٹک ٹک کے ساتھ دھڑکنوں کی دھک دھک چلے گی، سیٹ بیلٹس باندھ کر رکھنا، فائنل کی رولر کوسٹر، جیت کی امید ساتھ لے کر بھاگے گی اور سب کچھ اڑا لے جائے گی۔
فائنل سے ایک روز پہلے بارش بھی کھیلنے آگئی، دوسری طرف میلبرن کی سڑکوں پر میچ سے قبل جشن کا سماں ہے۔
اتوار کے دن کا انتظار نہیں ہورہا، کھیل کے دیوانوں نے ہفتے کو ہی اسٹیڈیم میں ڈیرے ڈال لیے، پاکستانیوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا ’جیتے گا بھئی جیتے گا، پاکستان جیتے گا‘ کے نعروں سے سڑکیں گونج اٹھیں۔