ملتان (اُمت نیوز)پاکستان انڈر 19 نے بنگلادیش کو دوسرے ون ڈے میچ میں 126 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔
پاکستان کے عرفات منہاس کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش انڈر19 ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلادیشی ٹیم 243 رنز کے تعاقب میں 28 اوورز میں 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بنگلادیش کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، بنگلہ دیش کے عاشق الرحمٰن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان نے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے طیب عارف نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
شاویز عرفان نے 52، عرفات منہاس نے بغیر آؤٹ ہوئے 57، محمد فاروق 13، کپتان سعد بیگ 13 اور عُزیر ممتاز 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کے معروف مریدہ اور اقبال حسین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔