پاکستان نے کالے جادو سے انڈین ٹیم کوٹورنامنٹ سے باہر کیا، بھارتی چینل

ممبئی(اُمت نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر بھارتی میڈیا کا رونا ختم نہیں ہوا، ایک بھارتی چینل نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے۔
بھارتی چینل کے مطابق بھارت کو انگلینڈ نے نہیں ہرایا بلکہ اسے پاکستان نے کالے جادو کے ذریعے ٹورنامنٹ سے باہر کیا ہے۔
چینل کے مضحکہ خیز دعوٰی کے مطابق پاکستان انڈیا سے فائنل میں مقابلہ کرنے سے گھبرا رہا تھا کیوں کہ انڈیا اس کو آسانی سے شکست دے سکتا تھا، اسی لئے پاکستان نے کالے جادو کا سہارا لیا۔
ایک پاکستانی اداکارہ سحر شنواری کا ایک ٹویٹ دلیل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ انڈین اسکواڈ کو نقصان پہنچانے کیلئے کالے جادو کا استعمال کریں گی تاکہ گرین شرٹس فائنل میں پہنچ جائیں۔
بھارتی نیوز چینل کے مضحکہ خیز دعویٰ کا سوشل میڈیا صارفین مذاق اڑا رہے ہیں اور دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔