پاکستان سے ترکیہ

پاکستان سے ترکیہ، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانیوالے کیلئے خوشخبری

اسلام آباد( اُمت نیوز)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز(پی آئی اے) کا مسافروں کی سہولت کے لیے استنبول فضائی آپریشن (آج) منگل 15 نومبر سے شروع ہوگا۔
پاکستان سے ترکیہ، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافروں کیلئے یہ خوشی کی خبر ہے ۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز صبح ساڑھے 7 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کے مطابق استنبول فضائی آپریشن کی پہلی پرواز کو اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے صبح ساڑھے سات بجے وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق الوداع کریں گے جبکہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات پرواز کے ہمراہ استنبول جائیں گے۔
استنبول پہنچنے پر ترکش ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو بلال عکسی افتتاحی پرواز کا استقبال کریں گے۔
پی آئی اے نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر مسافروں کیلئے چند روز قبل یہ خوشخبری شیئر کی اور مسافروں کو ایڈوانس بکنگ کی پیشکش کی تھی،پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام نے پرواز کی روانگی کے لیے تمام تیاریاں پہلے سے ہی مکمل کر رکھی ہیں ۔
مسافر استنبول کے راستے امریکا، برطانیہ اور یورپ کے 28 سے زیادہ شہروں کا سفر کر سکیں گے ۔ پاکستان سے ترکیہ، یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافروں کیلئے اس خوشخبری کا اعلان پاکستان اور ترکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کیا تھا۔
پی آئی اے منگل 15 نومبر سے پاکستان سے ترکیہ کیلئے ہفتہ وار 6 پروازیں چلائے گی۔ پاکستان سے یورپ، برطانیہ اور امریکا جانے والے مسافر استنبول سے پی آئی اے اور ترکش ائیر لائنز کے مابین کوڈ شیئرنگ معاہدے کے تحت سفر کر سکیں گے۔
معاہدے کی رو سے مسافر استنبول سے یورپ کے 28 شہروں تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے 4 جبکہ لاہور سے2 پروازیں بوئنگ 777 کے ذریعے چلائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی سے استنبول کی پروازیں شروع کردی جائیں گی۔