قیمت کا 20 فیصد ادا کرکے گھڑی عمران خان کی ذاتی ملکیت میں چلی گئی ، عمران خان کے گوشواروں میں اس کا ثبوت موجود ہے۔فائل فوٹو
قیمت کا 20 فیصد ادا کرکے گھڑی عمران خان کی ذاتی ملکیت میں چلی گئی ، عمران خان کے گوشواروں میں اس کا ثبوت موجود ہے۔فائل فوٹو

عمر ظہور کیخلاف دبئی میں قانونی کارروائی کریں گے۔فوادچوہدری

اسلام آباد:تحریک انصاف کے رہنما فوادچوہدری نے کہاہے کہ عمر ظہور نامی کسی شخص کو گھڑی نہیں بیچی گئی ، عمر ظہور کیخلاف دبئی میں قانونی کارروائی کریں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہاکہ حقیقی آزادی مارچ آج جہلم پہنچ رہا ہے،عمران خان سے پہلے پاکستان میں کرپشن کوئی مسئلہ ہی نہیں تھا،پاکستان میں بیانیہ بن چکا تھا کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے ، پی ٹی آئی ملک میں کرپشن کیخلاف بیانیے پر کھڑی ہوئی ،نوازشریف، آصف زرداری کا ایک ایک کسی 20 ،24 ارب روپے کا ہے ۔

فوادچوہدری نے کہاکہ عمران خان کو سعودی بادشاہ نے گھڑی تحفے میں دی، جب یہ گھڑی ملی تو فارن آفس کے چیف آف پروٹوکول نے تحفہ وصول کیا،چیف آف پروٹوکول تحائف پاکستان لائے اور کابینہ ڈویژن کے حوالے کئے،کابینہ ڈویژن طے کرتا ہے کہ تحائف کی قیمت کیا ہوگی،گھڑی کی قیمت 10 کروڑ کے قریب ہے،ان کاکہناتھا کہ قیمت کا 20 فیصد ادا کرکے گھڑی عمران خان کی ذاتی ملکیت میں چلی گئی ، عمران خان کے گوشواروں میں اس کا ثبوت موجود ہے۔

ان کاکہناتھا کہ عمران خان کی حکومت کو سازش کے تحت ہٹایاگیا،اس گھڑی کو فرح گجر کے حوالے کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، فرح بی بی نے کل بھی کہا کہ وہ عمر ظہور کو جانتی تک نہیں ۔

فوادچوہدری نے کہا کہ عمر ظہور نامی کسی شخص کو گھڑی نہیں بیچی گئی ،عمرظہور کیخلاف منی لانڈرنگ کا کیس ہے ،پاکستان میں ایک ماڈل سے عمر ظہور نے شادی کی،عمرظہور کے مطابق انہوں نے 2 کروڑ میں گھڑی کو خریدا، عمر ظہور نے اپنے بیٹوں کو ماہانہ 10 لاکھ روپے دینے سے انکار کر دیاتھا،ان کاکہناتھا کہ عمر ظہور کیخلاف دبئی میں قانونی کارروائی کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے کہا کہ توشہ خانہ میں اصل چیز کسی نے نہیں اٹھائی، وہ ہیں گاڑیاں،وہ گاڑیاں آصف علی زرداری اور دیگر کے پاس اب بھی موجود ہیں ،گاڑیاں خریدناتوشہ خانہ کے رولز کے خلاف ہے، ہم بھی آتے ہیں اور میڈیا بھی آئے اور پھر ایولیوایشن کر لیتے ہیں، دبئی اس دنیا میں سب سے محفوظ ملک ہے۔

یہ کہنا فرح بی بی اس کے پاس اائی ہے اس کی کوئی فوٹیج تو موجود ہوگی ،اس گھڑی کی اصل ایویلیوایشن سامنے رکھی جائے گی،ڈیلر سے پتہ چل جائے گا، اس نے کسے گھڑی آگے بھیجی ہے، ایک ماہ کے واقعات دیکھیں تو پتہ چل جائے گا سرکس کا رنگ ماسٹر کون ہے۔