پانی ری سائیکلنگ ٹیکسٹائل انڈسٹری
جامعہ این ای ڈی کے شعبہ ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے تحت منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے شرکا اور شعبہ کے اساتذہ کا گروپ فوٹو

پانی کی ری سائیکلنگ ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے انقلابی قدم ،سروش لودھی

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے شعبہ ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے زیرِاہتمام دو روزہ عالمی کانفرنس بعنوان ” Bridging the gap between Academia and Industry through Research and Innovation 2022“ جامعہ کے مرکزی محمود عالم آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرکے پاکستا ن کی معاشی بہتری میں کردار ادا کرنا تھا۔استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھاکہ پاکستان کی معیشت ٹیکسٹائل انڈسٹری سے مربوط ہے، اپنی ٹیکسٹائل کی صنعت کو سہولتیں دے کر پاکستانی معیشت کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ مزید کہاکہ ٹیکسٹائل کانفرنس اکیڈمیا اور انڈسٹری کے مابین رابطہ پُل ثابت ہوگی.تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے جامعات کی سطح پر کانفرنس کا انعقاد بہترین پلیٹ فارم ہوتا ہے۔کانفرنس کے بین الاقوامی اسپیکر ڈاکٹر شوگانگ چین کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی کے ساتھ انرجی کی ضرورت میں بھی روزافزوں اضافہ ہوجاتا ہے لہذا وقت کے ساتھ چلنا ضروری ہے. شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری صنعتوں کو گیس اور پانی کی فراہمی دورِ حاضر کا اہم مسئلہ ہے، ہم پانی کو ری سائیکل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں. این ای ڈی کے "نیچر بیس سلوشن” سے لیاری ندی کے گندے پانی کو مختلف پودے لگاکر ری سائیکل کیا جارہا ہے جو کہ ری سائیکلنگ کے دیگر طریقوں سے آسان اور کم قیمت ہے. ہمیں اس طرح کے انقلابی اقدامات کے اطلاق کی اشد ضرورت ہے جس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری میں کردار ادا کیا جاسکتا ہے. اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کانفرنس سیکریٹری ڈاکٹر شیراز صدیقی نے ٹیم سمیت انڈسٹری سے آئے مہمانوں کی کاوشوں کو سراہا. اُن کا کہنا تھا کہ بہتر افرادی قوت کے بغیر ہر کام ناممکن ہے جب کہ بہتر افرادی قوت کے بغیر ملک بھی ترقی نہیں کرسکتا. جامعہ ترجمان کے مطابق ڈین فیکلٹی آف میکینکل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عامر اقبال، ڈین فیکلٹی انفارمیشن سائنسز اینڈ ہیومنٹس پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ پروسیسنگ انجینئرنگ ڈاکٹر آصف احمد شیخ، ڈین سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر اسد الرحمان، رجسٹرار سید غضنفر حسین، کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر علی حسن محمود، ڈائریکٹر انڈسٹریل لائسنس ڈاکٹر عامر قریشی، ڈائریکٹر کنٹینوئیگ انجینئرنگ ایجوکیشن(سی سی ای ای) ڈاکٹر بلال زاہد، پروفیسر ڈاکٹر داؤد حسین، سابقہ چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ فاروق سمیت بڑی صنعتی شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی. اس کانفرنس میں 12 بین الاقوامی اور 14 قومی اسپیکرز نے اپنے اپنے تحقیقی مقالے پڑھے. یاد رہے کہ یہ کانفرنس شعبہ ٹیکسٹائل کی سلور جوبلی (پچیس برس) کی تقریبات کا حصہ ہے.