کراچی (اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے تحت کراچی کے ساحل پر کراچی شومنعقد کیا گیا،شو میں سی کنگ ہیلی کاپٹر،معراج فائیو جیسے جنگی طیاروں کی گھن گرج نے شائقین کے دل موہ لیے تو وہیں فورسز کے جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا ،تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز کے تیسرےروزشہر قائد کے ساحل پر کراچی شو کا انعقاد کیا گیا ۔
پروقار تقریب میں پاک بحریہ اور فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ کیا،تقریب میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پاک بحریہ، فضائیہ اور آرمی کے مختلف یونٹس کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک بحریہ کے بینڈز نے قومی نغموں کی خوبصوت دھنیں پیش کیں،نشان پاکستان پر منعقد ہونے والے شو میں پاک فضائیہ کےمعراج فائیوطیاروں
سمیت دیگر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، ان کی پروازوں نے شرکا کی توجہ سمیٹٰی۔پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹر، ایلوٹ ہیلی کاپٹر اور زولونائن ہیلی کاپٹروں نے بھی عمل مظاہرہ پیش کیا۔انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈوز نے بھی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔دہشت گردوں کے قبضے سے یرغمالیوں کو چھڑانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا ، تینوں مسلح افواج کا فری فال جمپنگ کا مظاہرہ ،پاک بحریہ کے
سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے آپریشن میں حصہ لینے والے ٹروپس کو سمندرمیں ڈراپ کیا۔ٹروپرز 12 ہزار فٹ کی بلندی سے سی 130 سے ڈراپ ہوئے۔سولہپیراٹروپرز بلندی سے ایک ایک کرکے زمین پر اترے سب سے آخر میں پاکستانی پرچم تھامے پیراٹروپر نے لینڈنگ کی ۔تقریب میں صوبوں کی ثقافت کے رنگ بھی نمایاں تھے۔سندھی ثقافتی اشیا کے اسٹالز لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے۔دریں اثنا پاک فضائیہ کے طیارے آئیڈیاز2022 میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار، آئیڈیاز۔2022 کے گیارھویں ایڈیشن کی تقریبات عروج پرہیں۔ ایونٹ کا تیسرا دن ‘پرائیڈ آف پاکستان’ JF-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینرطیاروں کے سٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین کی خصوصی دلچسپی کے حوالے سے نمایاں رہا۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے پویلین میں دکھائے گئے طیاروں میں غیر ملکی مندوبین اور عسکری حکام نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ جبکہ حاضرین، مندوبین اور غیر ملکی معززین کو ان طیاروں کے جائزے کے ساتھ ساتھ ان کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں بھی مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔ ڈسپلے میں شامل طیاروں نے اپنے جدید ڈیزائن اور تکنیکی خصوصیات کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعریفیں سمیٹیں۔