سیہون (اُمت نیوز)سیہون کے ٹول پلازہ کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر وین گڑھے میں گرنے سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے پر سیلابی پانی کے اخراج کے لیے کٹ لگائے گئے تھے۔سیلابی صورتحال کے 2 ماہ بعد بھی کٹ اور گڑھے کو پُر نہیں کیا گیا۔
مسافر وین میں سوار افراد خیرپور میرس کے علاقے داؤد ہالی پوٹا سے درگاہ لعل شہباز قلندر جارہے تھے کہ انڈس ہائی وے پر ڈرائیور کو کٹ نظر نہ آیا۔
عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ کے ڈاکٹر معین الدین صدیقی کے مطابق 5 زخمی زیر علاج ہیں، 2 کی حالت نازک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 4 بچے، 6 بچیاں اور 8 خواتین شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان ہے۔
واقعے کے بعد ایدھی کے رضاکار جائے وقوعہ پہنچے اور انہوں نے ریسکیو آپریشن کر کے گاڑی میں سے لاشوں و زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جبکہ اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جامشورو پولیس کو حادثے کی جگہ پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی ہدایات کردی۔