لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی کس روزجانا ہے اس کا اعلان کل کروں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گوجر خان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے معالجین کل میرا معائنہ کرکے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے اوراس کے بعد میں کل اعلان کروں گا کہ کس روز راولپنڈی جانا ہے۔ راولپنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت میں خود کروں گا ۔
عمران خان نے کہا کہ آج میں ایک باشعور قوم دیکھ رہا ہوں۔ قوم سمجھ گئی ہے حقیقی آزادی مارچ کا مقصد کیا ہے۔ قوم کے فیصلے ملک کے اندر ہوتے ہیں۔ سستا تیل خریدنے سے ملک میں مہنگائی کم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے عوام پرمہنگائی کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ جہاں انصاف ہو وہاں لوگ آزاد ہو جاتے ہیں۔ آزاد قومیں اپنے لوگوں کے لیے فیصلے کرتی ہیں۔ پاکستانی بہت مشکلیں کاٹنے کے بعد یہاں سے باہر چلے جاتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کوپتا ہے محنت کریں گے تو اس کاپھل ملے گا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے ملک کے نظام پر بھروسا نہیں ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک کا مقصد ملک میں انصاف کی فراہمی ہے۔ بیرون ممالک میں لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ حقیقی زادی مارچ کا مقصد انصاف دے کر لوگوں کو خوشحال کرنا ہے۔ جب تک غریب اور امیر کے لیے قانون ایک نہیں بنتا لوگ خوشحال نہیں ہوں گے۔ ملک میں انصاف ہوتا ہے تو خوشحالی ہوتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج سابق وزیراعظم طاقت ور لوگوں کے خلاف ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا۔ میرے ساتھ یہ ہو رہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔ کیوں تھانہ کلچر اتنا اہم ہوگیا، اپنی مرضی کا ایس ایچ او لگوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد بھی حقیقی آزادی مہم چلتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی کے ساتھ کیا ہوا سب کے سامنے ہے۔ ارشد شریف دھمکیوں کے باوجود راہِ حق پر کھڑا رہا۔ ارشد شریف نے اپنی جان کی قربانی دی۔ ظلم و ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونا جہاد کہلاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف الیکشن کا فیصلہ اس لیے نہیں کررہا کہ وہ ہار جائے گا۔ جس کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں اسے ملک کے فیصلے کرنے کا اختیار ہے؟۔ کیا ایسے شخص کو آرمی چیف تعیناتی کے فیصلے کا اختیار ہونا چاہیے؟ ۔نواز شریف ایسا آرمی چیف چاہتا ہے جو عمران خان کو نااہل کرے۔ نواز شریف کو نیوٹرل امپائر کے ساتھ کھیلنے کی عادت ہی نہیں۔ پاکستان تیزی سے تنزلی کا شکار ہے۔