نوازشریف میرٹ پر آرمی چیف نہیں لاسکتے: عمران خان

لاہور(اُمت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج پھر نواز شریف کو نشانے پر لے لیا، کہا نوازشریف کبھی بھی میرٹ پر آرمی چیف نہیں لاسکتے ہیں
وہ مرضی کا آرمی چیف لا کر اس سے آئی جی پنجاب کی طرح کام لینا چاہیں گے۔
لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں عمران خان نے مزید کہا کہ سب سے پہلے تو نواز شریف آرمی چیف کو کہیں گے عمران خان کو فارغ کرو، اس کے بعد کہیں گے میرے کرپشن کیسز ختم کرو۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میرے معالجین کل میرا معائنہ کرکے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے جس کے بعد راولپنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم اپنے فائدے کے لیے کررہی ہے، آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے یہ مسلح افواج کو پنجاب پولیس کے برابر لانا چاہتی ہے، آرمی ایکٹ میں ہونے والی مجوزہ ترمیم اعلی عدلیہ میں چیلنج ہوجائے گی۔