عراقی وزیراعظم کا ملک میں نیا اینٹی کرپشن کمیشن قائم کرنے کا حکم

عراق (اُمت نیوز)عراق کے وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نے ملک میں نیا اینٹی کرپشن کمیشن قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔ سابق انٹیلیجنس چیف آپریشنز کے سربراہ ہوں گے۔
اینٹی کرپشن کمیشن کے سربراہ جج حیدر ہنون زائر ہوں گے جبکہ انفورسمنٹ ٹیم کی سربراہی عبدالکریم عبدالفضل کے ذمے آئی ہے۔
عبدالکریم اس وقت وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر جنرل ہیں جبکہ ماضی میں عراق کے خفیہ فیلکنز سیل انٹیلیجنس یونٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق غیرمعمولی اینٹی کرپشن کمیشن غیر روایتی طریقوں سے انسداد بدعنوانی کے لیے کام کرے گا۔
بیان میں کہا گیا یہ کمیشن بڑے کرپشن کیسز پر تیزی سے کام کرے گا، کرپشن مقدمات میں مطلوب ملزمان کی حوالگی کے لیے دیگر ملکوں کی حکومتوں سے رابطہ کرکے ملک میں پیسے واپس لائے گا۔
وزیراعظم نے کمیشن کی معاونت کے لیے وسیع اختیارات والی خصوصی معاون ٹیم تشکل دی ہے جس کے اختیارات کے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
خیال رہے کہ 2009 میں عراق کا خفیہ فیلکنز سیل قائم کیا گیا، عبدالکریم اس کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔
اس سیل نے براہ راست سی آئی اے اور برطانوی ایم آئی 6 سے تربیت حاصل کی تھی اور داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن انڈیکس میں عراق 157 ویں نمبر پر ہے۔