کراچی (امت نیوز )سندھ حکومت نے گیارہویں اور بارہویں کے سالانہ 2022 کے امتحانات کےنتائج جاری نہ کرنے کا سختی سے نوٹس لے لیا. وزیر تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو نے تمام بورڈز کو گیارہویں اور بارہویں کے سالانہ امتحانات 2022 کے نتائج ایک ہفتہ میں جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور محکمہ جامعات و بورڈز کو فیصلہ پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی ہے.
انہوں نے خط میں بورڈز انتظامیہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدر آمد نہ کرانے والے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی. اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ فروری 2022 کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے لئے بارہویں جماعت کے نتائج کے اعلان کے لئے 15 ستمبر 2022 کی تاریخ مقرر کی گئی تھی. وزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ نتائج میں تاخیر ناقابل برداشت ہے، جس کی ذمہ داری بورڈز کے چیئرمین اور کنٹرولر پر عائد ہوتی ہے،ہزاروں طلباء اعلیٰ تعلیم کے لیے نتائج کا بے چینی کے ساتھ انتظار کررہے ہیں.صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی شعبے کی جامعات نے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ مکمل کر لئے ہیں,جامعات داخلوں کے مرحلے کو آگے بڑھانے کے لیے بورڈز کے نتائج کا انتظار کر رہی ہیں.