وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جان کو پاکستان دشمن طاقتوں اور غیر ملکی ایجنسیوں سے شدید خطرہ لاحق ہے ۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر اس طاقت یا غیر ملکی ایجنسی کا نشانہ ہو سکتے ہیں جو پاکستان کی دشمن ہے۔
اپنے اس دعوے کے حق میں دلیل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے چونکہ وزیر آباد حملے کا الزام پاکستانی حساس اداروں کے ذمہ داروں پر لگایا ہے ، اس طرح انہوں نے دشمن کو ایک گراؤنڈ فراہم کر دیا ہے۔ لہذا اب دشمن اس تاک میں ہوں گے کہ کسی طرح اس ہدف کو پورا کیا جائے اور خدانخواستہ ایسا کوئی معاملہ ہو جاتا ہے تو اس کی ذمہ داری پاکستان کے اداروں پر ڈالی جائے۔ وزیر داخلہ نے عمران خان کی درازی عمر اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی ۔