پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر حکمت عملی بدلتے ہوئے مارچ کو دھرنے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دھرنے کی اجازت کیلئے درخواست دےدی ہے۔
مذکورہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر پر امن دھرنا دے گی اور سابق وزیراعظم عمران خان مجوزہ دھرنے کی قیادت کرین گے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 26نومبر دھرنا حقیقی آزادی مارچ کا تسلسل ہے۔
اس سلسلے میں راولپنڈی انتظامیہ سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے 26 نومبر کو پنڈی پہنچنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت ہے جہاں اس جماعت کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے تمام مطلوبہ سہولیات حاصل ہیں۔