عمران خان کو اضافی سیکیورٹی
 دو بم پروف کمرے بنائے جا رہے ہیں- بلٹ پروف شیشوں کا بھی اہتمام کی جائے گا-فائل فوٹو

26 نومبرکو سرپرائز ملے گا،صدر کے ذریعے پیغامات بھیجے گئے، عمران خان

لاہور:  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو سب کو سرپرائز ملے گا، مجھے ان کی پلاننگ کا پتہ ہے، میں آگے کی پلاننگ کر رہا ہوں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے زمان پارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جس کو مرضی آرمی چیف لگائیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، یہ اب دونوں طرف سے پھنس چکے ہیں، الیکشن کرواتے ہیں تو فارغ ہو جائیں گے، نہیں کرواتے تو ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے۔ ملاقات میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا  کہ ہماری کوشش ہے کہ جلداز جلد صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو، نئے انتخابات کے علاوہ ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں، میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دیں۔

عمران خان نے کہا کہ صدرعارف علوی کے ذریعے مجھے پیغامات بھجوائے گئے ہیں، الیکشن کی تاریخ دیں اس کے بعد ساری بات چیت ہوگی، عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کروں گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی کرپشن کی داستانوں سے پوری دنیا واقف ہے، میرے خلاف پوری ریاستی مشینری استعمال کرکے بھی گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے، گھڑی والے معاملے پر عدالت جارہا ہوں،پورا یقین ہے کہ عدالت میں یہ پروپیگنڈہ ایکسپوز ہوجائے گا۔