بارڈر ٹریڈ کیلیے صبح 8 سے رات 8 تک کھلا رہے گا۔فائل فوٹو
بارڈر ٹریڈ کیلیے صبح 8 سے رات 8 تک کھلا رہے گا۔فائل فوٹو

باب دوستی 8 روز بند رہنے کے بعد آمدورفت بحال

چمن:  کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان چمن بارڈر باب دوستی 8 روز بند رہنے کے بعد کھول دی گئی، سرحد کھولنے کے ساتھ ہی آمدورفت بحال ہوگئی اور تجارتی سرگرمیاں بھی شروع ہوگئیں۔

ڈپٹی کمشنر چمن عبدالحمید زہری کے مطابق پاک افغان بارڈر 8 روز کے بعد کھول دیا گیا ہے اور باب دوستی سے دو طرفہ تجارت اور پیدل آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔

ڈی سی چمن نے بتایا کہ 13 نومبر کو باب دوستی سرحد پار سے پاکستان فورسزپرفائرنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا، فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور2 زخمی ہوئے تھے، باب دوستی بند ہونے سے دونوں طرف سے تاجروں اورعام عوام کو مشکلات تھیں لیکن اب سرحد کو پیدل اور دوطرفہ تجارت کے کھول دیا گیا۔

پاک افغان فلیگ میٹنگ میں افغان حکام کی جانب سے سرحد پر فائرنگ واقعہ پرافسوس کا اظہارکیا گیا اورملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔

باب دوستی چمن پیدل آمدورفت کیلیے معمول کے مطابق صبح 8 سے شام 5 جبکہ بارڈر ٹریڈ کیلیے صبح 8 سے رات 8 تک کھلا رہے گا۔