اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کو سازش کے تحت قتل کیا گیا،ان کے قتل کا پلان پاکستان میں بنایا گیا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بہترین کام کر رہی ہے۔
ایف آئی اے میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک میں نے پریس کانفرنس نہیں کی تھی پاکستان سویا ہوا تھا۔
سابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے کہاک کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے حوالے سے ایف آئی اے نے آج مجھے بلایا تھا، 10 سوالوں پرمبنی سوالنامہ دیا گیا، یہ سوالنامہ میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا سازشی قتل ہوا،انہیں قریب سے گولی ماری گئی،ان کا فون اورآئی پیڈ نہیں ملا، مجرمان کو پکڑنا چاہیے جو پاکستان سے باآسانی نکل جاتے ہیں۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہہ میں ارشد شریف پرگولی چلانے والے نہیں بلکہ چلوانے والے تک پہنچنا چاہیے۔ امید ہے کہ ان بڑے لوگوں تک بھی ہاتھ پہنچے گا جن پرہاتھ نہیں ڈالا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کروں گا جس سے وہ حرکت میں آ جائیں، جو قتل میں ملوث ہیں وہ طاقتور، پلانر اور سمجھ دار ہیں۔فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ یہ تکلیف دہ معاملہ ہے، اس کیس میں گھٹیا قسم کا مذاق نہیں کرنا چاہیے، ارشد شریف کے قتل کے شواہد ابھی پیش نہیں کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ مارچ تک دھکیلنا عمران خان کو بند گلی تک لے جانا ہے، عمران خان کو نااہل کروا کے وزیرِ اعظم میں نے نہیں انہی لوگوں نے بننا ہے۔فیصل واؤڈا نے چیئرمین پی ٹی آئی سے مخاطب ہو کر کہا کہ عمران خان پارٹی کے اندر سے صفائی کریں۔