لاہور:حکومت کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سمری بھجوائے جانے کے بعد صدر مملکت عارف علوی لاہورسے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے، انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اوردیگر رہنمائوں کے ساتھ45منٹ تک مشاورت کی ۔ مشاورت میں اسد عمر،شاہ محمود قریشی اور دیگر سینئر رہنما شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق صدرعارف علوی سمری پردستخظ کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے سے قبل اہم تعیناتیوں پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو فور اسٹار جنرل کے رینک پر ترقی دینے اور جنرل عاصم منیر کو چیف آؔف آرمی اسٹاف اورجنرل مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے عہدوں پر تعینات کرنے کی سمری ایوان صدر بھجوا دی ہے۔
آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت صدر اس سمری کو منظورکرنے کے پابند ہیں اگرچہ وہ اسے 25 دن کے لیے التوا کا شکار کر سکتے ہیں۔
صدر کو 10 دن کے اندر سمری کی منظوری دینی ہوتی ہے لیکن اگرانہیں کوئی مسئلہ نظرآئے تو سمری کو واپس بھیجا جا سکتا ہے۔ ایسے میں یہ مزید 15 دن تک وزیراعظم کے دفتر میں رہے گی۔