صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری پر دستخط کر دیے ۔ اس طرح کئی گھنٹوں سے افواہوں کا جو بازار گرم تھا وہ انجام کو پہنچ گیا ہے ۔
صدر علوی نے لاہور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد اسلام آباد پہنچتے ہی پہلی فرصت میں سمری پر دستخط کیے۔ اس طرح جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور جنرل عاصم منیر باضابطہ طور پر چیف آف آرمی سٹاف مقرر ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری ایوان آج صدر کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد صدر عارف علوی نےلاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔صدر علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی۔
اس سمری کی منظوری کے بعد وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹس چیفس کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرےگا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی آج ہی وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقات ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق دونوں شخصیات کی صدر سے ملاقات کچھ دیر میں متوقع ہے۔