تحریک انصاف کو نئی فوجی قیادت سے کیا توقعات ہیں؟

 

آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کا عمل مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں

کہا گیا ہے کہ فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ آ چکا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد کیلئےجبکہ  آرمی چیف مقرر ہونے پر جنرل عاصم منیر کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 8 ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی، اس دوران جو اقدامات کیے گئے ان سے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچا، پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئیں، صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہیدکردیے گئے۔

تحریک انصاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ آئینی حقوق کی بحالی میں کردار ادا کرے گی، فوج کی نئی قیادت سے توقع ہے کہ وہ جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرےگی۔