لاہور:نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا 29 نومبر کو کمان سنبھالنے کا امکان ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہو گئے ہیں۔ اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہو گا، 29 نومبر کو امکان ہے ایک تقریب ہو گی، جنرل قمر جاوید باجوہ کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے سپرد کریں گے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد عارف علوی نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایوان صدر میں صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی۔
اُدھر صدر عارف علوی نے چیف آف آرمی اسٹاف عاصم نصیر اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ساحر شمشاد کی فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی اور عہدوں پر تعیناتی کر دی۔
جنرل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2022 ء سے ہو گا، صدر نے ترقیاں اور تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 243 چار اے اور بی، آرٹیکل 48 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952ء کے سیکشن 8 اے اور 8 ڈی کے تحت کیں۔
جنرل عاصم منیر راولپنڈی میں ڈھیری حسن آباد کے رہائشی تھے اور ابتدائی تعلیم یہیں راولپنڈی صدر کے سرسید ڈگری کالج سے حاصل کی۔بطور طالب علم عاصم منیر سمیت ان کے تمام بھائی ہر شعبے میں آگے رہے اور اعلیٰ عہدوں پر تعینات رہے۔