اسلام آباد ( اُمت نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ میں 15 سے 16 ہزار لوگ شامل ہیں۔
اسلام آباد میں نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پورے ملک سے آئے ہیں، اگردھرنا دیں گے تو مغرب کے بعد 5 سے 7 ہزار لوگ رہ جائیں گے، عوام نے عمران خان کے جلسے، لانگ مارچ کا بائیکاٹ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ میں چند ہزار لوگ شامل ہیں، عوام نے لانگ مارچ کا بائیکاٹ کر دیا ہے، لانگ مارچ شرکا کے اسلام آباد جانے سے روکنے کا پورا انتظام کیا ہے، وفاقی دارالحکومت میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو متحرک کر دیا گیا، سسٹم سے اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں سے نگرانی کی جارہی ہے، کیمروں کے ذریعے نگرانی جاری ہے، مانٹرنگ روم میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں، ہم نے ہر قسم کے انتظامات کئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو ملا کر 26 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں، اگر یہ ہمیں کہتے کہ اتنے ہی بندے لانے تھے تو سول میں 16 ہزار پولیس اہلکار بٹھا دیتے، محاذ آرائی کی سیاست سے عمران خان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، عمران خان اس پوزیشن میں نہیں کہ دھرنا دے سکیں، اگر دھرنا دیں گے تو مغرب کے بعد 5 سے 7 ہزار لوگ رہ جائیں گے، تقریباً 26 ہزار کے قریب نفری ڈیوٹی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں ابھی تک 7 سے 8 ہزار لوگ پہنچے ہیں، اتنی ہی تعداد لوگوں کی ابھی راستے میں ہے، جتنی تعداد ہے میرا نہیں خیال یہ اسلام آباد کی طرف جائیں گے، اگر ایسا کریں گے تو ہمارا پورا انتظام ہے، پندرہ ہزار کے سمندر کی حفاظت کے لیے 26 ہزار اہلکار ڈیوٹی کر رہے ہیں۔