راولپنڈی جلسے کے لیے سرکاری وسائل کا اندھا دھند اور بے دریغ استعمال

پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی جلسے کے لیے سرکاری وسائل کا اندھا دھند اور بے دریغ استعمال کیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی صوبائی حکومتوں نے نہ صرف جلسے کے لیے وسائل مہیا کیے بلکہ سرکاری افسران کی باقاعدہ ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں کہ وہ متعلقہ ارکان اسمبلی اور مقامی پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔ اس حوالے سے زیادہ اہم کردار پنجاب حکومت نے ادا کیا جس کے وزیر اعلی پرویز الٰہی و سیاسی تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں میونسپل کارپوریشن کے عملے ، محکمہ پارکس اور دیگر صوبائی محکموں کے وسائل کو بے دریغ استعمال کیا گیا جن کی گاڑیاں ایندھن سمیت پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے ڈسپوزل پر تھیں۔ مری روڈ پر واقع راولپنڈی کے اقبال پارک کے اندر خیمہ بستی بنائی  گئی تھی جہاں متعلقہ محکمے کے اہلکار تحریک انصاف کے کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنے پر مامور تھے جبکہ باہر سیکورٹی کی ذمہ داری پنجاب پولیس کی تھی۔

دوسری طرف خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیر میں جہاں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہیں ، متعلقہ حکام اور اہلکاروں نے مارچ میں شرکت کے لیے آنے والے قافلوں کو ناصرف سہولیات بہم پہنچائیں بلکہ افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے مبینہ طور پر سرکاری اثر رسوخ بھی استعمال کیا گیا۔