پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے الیکٹرانک میڈیا پر پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کی ہر قسم کی کوریج پر پابندی لگا دی۔
پیمرا کے مطابق ٹی وی چینلز نے اعظم سواتی کی راولپنڈی جلسہ میں تقریربغیرایڈٹ کئے نشرکی، انہوں نے تقریرمیں ریاستی اداروں کے خلاف متنازع اور بے بنیاد الزامات لگائے۔
پیمرا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی سے متعلق ٹی وی چینلز پرکوئی ٹکر، خبر، بیان یا پروگرام نشر نہیں کیا جا سکتا جبکہ اعظم سواتی کی تقریر دوبارہ نشر کرنے، انہیں کسی شو میں بطور مہمان بلانے اور بیان یا ٹکر چلانے پر پابندی ہوگی۔
اعظم سواتی کی ریاستی اداروں کے خلاف تقریرنشرکرنا پیمرا آرڈیننس، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف بیانات آئین کے آرٹیکل 19 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
لائسنس دہندگان قانون کی دفعات اورعدالتی فیصلوں کی تعمیل کرنے میں ناکام رہے، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ٹی وی چینلزکے لائسنس کو سیکشن 30 (3) کے تحت معطل کیا جا سکتا ہے۔