اسلام آباد: عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان پر سرتسلیم خم کرنے والے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو لیگی رہنما خواجہ آصف نے کچھ یاد دلانے کی کوشش کی ہے۔
طنزیہ ٹوئٹ میں خواجہ آصف نے لکھا ’’ اچھے وضع دار لوگ ہیں چوہدری صاحب، کہتے ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے‘‘۔
پنجابی زبان کی چاشنی کے ساتھ ’مدعا بیان کرنے والے وزیردفاع نے مزید لکھا کہ ’’ چوہددری صاحب اینج نہ کرو، ساڈے نال تے پوری رات وی نہیں کڈھ سکے (چوہدری صاحب ایسے تو نہ کریں، ہمارے ساتھ تو پوری رات بھی نہ نکال سکے) سویرے سویرے عمران خان کے پاس پہننچ گئے تھے‘‘۔
خواجہ آصف نے ٹوئٹ میں یہ بھی دعوی بھی کیا کہ پرویز الہیٰ نے ان کے ساتھ نشست میں عمران کو پنجابی زبان میں برا بھلا بھی کہا تھا۔
قبل از وقت انتخابات کے خواہشمند پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے 26نومبر کو راولپنڈی میں ہونے والے جلسے میں اعلان کیا تھا وہ پنجاب اورخیبرپختون خواہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔
اس اعلان کے بعد ردعمل میں پی ٹی آئی کے اتحادی وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اپنے ویڈیو پیغام کہہ چکے ہیں کہ یہ عمران خان اپنی حکومت ہے اور ہمارے پاس امانت ہے۔عمران خان جب بھی کہیں گے، اسمبلی توڑنے میں آدھا منٹ دیر نہیں کروں گا۔