برسلز: فٹبال ورلڈکپ میں فیورٹ بیلجیئم کو مراکش کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے اپ سیٹ شکست اور قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پرعوام غصے میں آگئے اور سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔
قومی ٹیم کی غیر متوقع شکست پر بیلجیئم کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے دارالحکومت برسلز میں دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، گاڑیوں اور ٹائر نذر آتش کردیے۔
نگامہ آرائی کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگیا۔ مظاہرین نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر بھی لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے واٹرکینن اور آنسو گیس کا بے دریخ استعمال کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ایک صحافی سمیت درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔ ایک کار اور 6 الیکٹرک موٹر سائیکلوں کو جلادیا گیا جس پر11 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے ایک کو لاک اپ کردیا گیا۔
گرفتاریوں پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور تقریباً 50 افراد کے ایک گروہ نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا۔ دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیں اور پولیس کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔
ورلڈ کپ کا آغاز سعودی عرب کے ہاتھوں تاریخی میچ میں ارجنٹائن کی اپ سیٹ شکست سے ہوا۔ دوسرا غیر متوقع اور کسی حد تک حیران کن نتیجہ کل میچ میں سامنے آیا جب مراکش کی قدرے کمزور ٹیم نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بیلجیئم کو صفرکے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔