ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی محمود جان مستعفی

خیبر پختونخوا (امت نیوز)محمود جان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، عمران خان کے احکامات پر ڈپٹی اسپیکر شپ سمیت اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیتا ہوں۔
پشاور میں پی ٹی آئی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور خیبر پختونخوا وزیر زادہ، ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی آسیہ خٹک اور ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے صوبائی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
معاون خصوصی برائے اقلیتی امور خیبر پختونخوا وزیر زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے اعلان پر صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جو فیصلہ ہوگا ہمیں منظور ہوگا ہم چاہتے ہیں دوبارہ انتخابات ہوجائیں۔
پی ٹی آئی کی ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی آسیہ خٹک نے اسپیکر کے نام استعفیٰ لکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دینے پر پارٹی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی محمد عامر اقبال شاہ نے اپنا استعفیٰ اسپیکر کو دے دیا۔محمد عامر اقبال شاہ پی پی 224 دنیا پور سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ وہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہیں۔